لاہور: طویل عرصے تک موبائل فون ٹیکنالوجی کی دنیا پر راج کرنیوالی مایہ ناز کمپنی ”نوکیا “ نے اپنے نئے فلیگ شپ ڈیوائس کو بھی متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے جس کے خاکے منظر عام پر آچکے ہیں ۔
مختلف رپورٹس کے مطابق نوکیا نے گلیکسی ایس ایٹ اور آئی فون ایٹ کے مقابلے پر فلیگ شپ”نوکیا ایٹ اور نائن “ نامی اسمارٹ فونز لانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ نوکیا نائن اور ایٹ کے خاکے منظرعام پر آئے ہیں جس میں ان کے فیچرز اور قیمت کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔نوکیا نائن بیزل لیس اسکرین والا فون ہوسکتا ہے جس میں ہوم بٹن کو ختم کردیا جائے گا جبکہ فنگر پرنٹ سنسر بیک پر چلا جائے گا۔فون میں ڈوئل کیمرہ بھی موجود ہوگا جہاں فنگر پرنٹ کے ساتھ اس کا ڈیزائن گلیکسی ایس ایٹ سے بہتر لگتا ہے۔اس کا ڈیزائن بھی زیادہ خوبصورت ہوگا۔اس فون کے حوالے سے لیکس سے اندازہ ہوتا ہے کہ نوکیا نائن فیچرز کے لحاظ سے سام سنگ کے گلیکسی ایس ایٹ سے بھی بہتر ہوسکتا ہے ۔
یہ 5.5 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے والا فون ہوگا جس میں اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، سکس جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج وغیرہ موجود ہوں گے۔اس کے ڈوئل لینس کیمرے بائیس میگا پکسل کے ہوں گے جبکہ فرنٹ کیمرہ 12 میگا پکسل ہوگا، اسی طرح 3800 ایم اے ایچ کی بیٹری ہوگی جس میں کوئیک چارج 4.0 کی صلاحیت ہوگی۔اینڈرائیڈ نوگیٹ کے ساتھ یہ فون واٹر پروف بھی ہوسکتا ہے۔ یہ فون ممکنہ طور پر رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران سامنے آسکتا ہے اور اس کی قیمت 699 ڈالرز ہونے کا امکان ہے۔ نوکیا ایٹ ممکنہ طور پر نوکیا نائن کا سستا ورڑن ہوگا جس میں ہوم بٹن موجود ہوگا تاہم اس میں بھی ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا جائے گا۔