اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے پر عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی کمی کی منظوری دیدی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہو گا اس کے علاوہ زنا، چوری، ڈکیتی، اغواء، دہشت گردی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں کو بھی رعایت نہیں ملے گی۔
سزاؤں کا اطلاق 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکے ، ان پر ہو گا۔ اس کے علاوہ 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔