وزیر بلدیات بلوچستان سردار سرفرازچاکر ڈومکی انتقال کرگئے

11:33 AM, 16 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی وزیر بلدیات سردار سرفراز خان ڈومکی طویل علالت کے باعث کراچی میں انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سردار سرفراز چاکر ڈومکی گزشتہ کئی عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے  وہ پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار سرفراز چاکر ڈومکی آج خالق حقیقی سے جاملے، ان کی میت آج کراچی سے لہڑی منتقل کی جائے گی، سرفراز چاکر ڈومکی کی تدفین لہڑی میں آبائی قبرستان میں کی جائےگی۔

وزیر بلدیات کے انتقال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے، مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے، ان کی رحلت سے گہرا صدمہ پہنچا جبکہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔

واضح رہے کہ سردار سرفراز ڈومکی کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جو پی بی 8 سبی سے کامیاب ہوئے تھے۔ فروری 2024 کے انتخابات میں سردار سرفراز چا کر ڈومکی پی بی 8 سبی سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، ان کے پاس بلدیات اور دیہی ترقی کے قلمدان تھے۔

مزیدخبریں