اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کافی چیزوں پر راضی ہیں ان کی کوشش ہے کہ آئینی ترمیم پر متفقہ فیصلہ ہو ۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں اٹھاریں ترمیم کی طرح مجوزہ آئینی ترامیم پربھی اتفاق رائے ہو۔ہماری کوشش ہے کہ ہم کم از کم اکثریتی اتفاق رائے لے کر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم 2006 سے میثاق جمہوریت کو مکمل کرنے کے انتظار میں ہیں۔ دو دن پہلے کمیٹی بنائی گئی، اس وقت اسمبلی کا ماحول خراب تھا، ہم نے اسمبلی کا ماحول بہتربنانے کی کوشش کی،ایک سیاسی جماعت کے قائد نے عدلیہ اور آرمی چیف پر حملہ کیا، وہ آج تک اپنے اس بیان سے پیچھے نہیں ہٹے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنہوں نے اس ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی ان سے کیا امید رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم ایوان میں پیش نہیں ہوسکیں، قومی اسمبلی، سینیٹ اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج 12 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل اتوار کو پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔