سائفر کیس میں ضمانت ، عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے

06:58 PM, 16 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی جسے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا اور مجھے بدنیتی سے اس من گھڑت مقدمے میں نامزد کیا۔  14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بے ضابطگیوں و استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق پیر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔

یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

مزیدخبریں