بھٹو مر چکا ہے، پیپلز پارٹی کی کارکردگی صفر بٹہ صفر ہے: حنیف عباسی

06:55 PM, 16 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر حنیف عباسی کہتے ہیں ہم نے کبھی نہیں کہا پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر الیکشن لڑینگے، ان کی کارکردگی ہمیشہ صفر بٹہ صفر رہی، بھٹو زندہ نہیں ہے مرچکا ہے، ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جاکر الیکشن لڑنا ہے۔21 اکتوبر کو نوازشریف کا تاریخی استقبال ہوگا تیاریاں شروع کردی ہیں ۔

ن لیگی رہنما سابق سینیٹر چوہدری تنویر، چوہدری انعام ظفر و دیگر کے ہمراہ راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے زور و شور سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔راولپنڈی سے ایک بڑا استقبالی جلوس لاہور کیلئے روانہ ہوگا۔کہا جاتا ہے ہم کس بات کو لے کر عوام کے پاس الیکشن میں جائینگے، ہم سے سولہ ماہ کا نہ پوچھا جائے کیونکہ یہ 13 جماعتوں کی حکومت تھی ۔ہم نے اپنے حصے کا حساب دینا ہے دوسروں کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کی باگ دوڑ سنبھال کر مرتے مریض کو زندہ کیا ہے۔فیصلے نواز اور شہباز شریف کی صورت میں ہوں گے۔ہمارے پاس الیکشن لڑنے کی بہت بڑی سی وی موجود ہے،ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف وہ شخص ہے جس نے تین مرتبہ ملک کو بچایا اور ترقی کی راہ پر لیکر گیا۔ جو کہتا تھا کہ جیل میرا سسرال ہتھکڑی میرا زیور ہے،آج مل ہی نہیں رہا،یہ واحد آدمی ہے جو کہہ کر سسرال نہیں جا رہا ہے۔ہمارے پاس دس سال حکومت نہیں رہی،پھر بھی 16 ماہ میں کئی نامکمل منصوبے مکمل کئے۔جماعت میں کوئی گروپنگ نہیں ہے،اگر کسی کے کوئی خدشات ہیں توختم کریں گے۔ہم سیاسی لوگ ہیں،ہم نے سیاسی انتقام کی سیاست کبھی کی ہے نہ کریں گے ہم نے ذاتی طور پر کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔ ن لیگ میں کوئی پیرا شوٹر نہیں آئے گا۔

سابق سینیڑ چوہدری تنویر نے کہا کہ نواز شریف سے لندن میں ملاقات میں انہیں اسلام آباد لینڈ کرنے کی دعوت دی،اور موٹروے کے ذریعے لاہور جانے کا کہا اگر انکا پلان تبدیل ہوا تو پھر پنڈی لینڈ کریں گے۔ آج ہمیں اصل حریف کو دیکھنا ہوگا کون لوگ ہیں جو چلتے سسٹم کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں۔ ملکوں کو کمزور کرنے کے لئے انکی معیشت اور دفاع کو کمزور کیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی نے نعرہ اسلام کا لگایا اور سٹیج گانے بجانے والوں کو دے دیا اس شخص نے قوم،معاشرہ اور نوجوان نسل کو تباہ برباد کیا ۔

مزیدخبریں