چیئر مین پی ٹی آئی کا سائفر گمشدگی کیس میں ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

چیئر مین پی ٹی آئی کا سائفر گمشدگی کیس میں ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
سورس: File

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سائفر گمشدگی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

چیئر مین پی ٹی آئی کے  وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں انہوں نے عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔

 رجسٹرار آفس نے درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا ،ڈائری نمبر لگنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پیر کے لئے مقرر ہونے کا امکان ہے.

انہوں نے درخواست میں کہا کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو بدنیتی سے اس من گھڑت مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

انہوں نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے بے ضابطگیوں و استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔

یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ جج ابولحسنات ذوالقرنین کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ ہمیں اس بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ایک ٹاپ سیکرٹ کیس ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، وائس چیئر مین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف ناقابل تردید شواہد کیس سے تعلق ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے مزید کہا کہ ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 اور 9 اور ناقابل ضمانت دفعات کے بظاہر جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔

مصنف کے بارے میں