لاہور: پاکستان ریلوے کی انتظامیہ نے ٹریک سے پانی نیچے نہ اترنے کے باعث لاہور سے کراچی کی بکنگ 19 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے سیلاب کے بعد ٹریک سے پانی نیچے نہ اترنے پر لاہور سے کراچی ٹرینوں کی بکنگ 19 ستمبر تک بند رکھنے کے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے سسٹم پر اس وقت اپ ڈاؤن کی 28 سے زائد ٹرینیں بند ہیں اور ملک بھر کے تمام کمرشل افسران کو کسی بھی ٹرین میں بکنگ نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں ریلوے ٹریک سگنلز سسٹم اور پلوں کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر ٹرین آپریشن مکمل بند ہے جس کے باعث اب تک 15ارب سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔
ریلوے انفراسٹرکچر کے ایڈیشنل جنرل منیجر ارشد سلام خٹک نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر سول انجینئرز اور عملہ کام ہے اور جلد ہی بحالی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریک، ریلوے پلوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور ان کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پر ٹرین آپریشن بھی شروع کر دیا جائے گا۔
پاکستان ریلوے کا لاہور سے کراچی کی بکنگ 19 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ
03:54 PM, 16 Sep, 2022