لاہور: پنجاب کے چیف سیکرٹری کامران علی افضل 14 روز کی چھٹی پر چلے گئے ہیں اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ (پی اینڈ ڈی) کے چیئرمین عبداللہ سنبل کو قائم مقام چیف سیکرٹری کا چارج دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے 17 سے 30 ستمبر تک 14 روزہ چھٹیوں کی درخواست دی تھی جو منظور کر لی گئی اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی عدم موجودگی میں چیئرمین پی اینڈ ڈی عبداللہ سنبل کو قائم مقام چیف سیکرٹری پنجاب کا چارج دیا گیا ہے جو چیف سیکرٹری آفس کے معاملات دیکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران علی افضل نے گزشتہ ماہ 2 مرتبہ وفاق کوخدمات واپس لوٹانے کی درخواست کی تھی جبکہ وفاق اور حکومت پنجاب اب تک چیف سیکرٹری کیلئے نیا نام فائنل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کامران علی افضل نے پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا حصہ بننے سے انکار کر دیا اور انہوں نے آخری حل کے طور پر رخصت کی درخواست دی تھی جو منظور کر لی گئی۔