لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی بھی شعیب ملک کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ سینئر آل راؤنڈر کو انگلینڈ کی ہوم سیریز کے خلاف ٹیم میں رکھنا چاہیے تھا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں انگلینڈ کے خلاف سیریز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کے انتخاب سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے شان مسعود کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ شعیب ملک کو بھی 3 سے 4 میچز دینے چاہئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کو مڈل آرڈر میں ایک اچھے بلے باز کی ضرورت ہے اور شعیب ملک تجربہ کار ہے جو مسلسل اسی نمبر پر کھیلتا رہا ہے، وہ لڑکا ٹیم میں ہونے کا مستحق تھا کیونکہ اس نے دنیا میں ہر جگہ کرکٹ کھیلی ہے اور وہ ہر ٹیم میں کارکردگی بھی دکھاتا ہے اور وہ سب سے زیادہ فٹ ہے جبکہ دنیا کی ہر فرنچائز کا انتخاب شعیب ملک ہوتا ہے۔
شاہد خان آفریدی نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کے اختتام کے بعد شعیب ملک کو پسند ناپسند اور دوستی یاری کے کلچر والی ٹوئٹ سے نہیں کرنی چاہئے ، اسے وہ ٹوئٹ کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی، تھوڑا انتظار کر لیتا کیونکہ ٹیموں کا اعلان ہونا تھا، شعیب کے ہونے سے بابر اعظم کو گراؤنڈ میں بہت سپورٹ ملتی چاہے وہ کھیلتا یا نہ کھیلتا۔