نومبر میں چین کا دورہ ، لگتا ہے اب بیرونی سازش کی جگہ ہیش ٹیگ بین الاقوامی سازش ہو گا: خواجہ آصف 

12:25 PM, 16 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

تاشقند: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو روس اور چین نے دورے کی دعوت دی ہے، لگتا ہے اب بیرونی سازش کی جگہ بین الاقوامی سازش کا ہیش ٹیگ بنے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’سمرقند میں روسی صدر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ نہایت کامیاب مذاکرات۔ دونوں نے شہباز شریف کو سرکاری طور پر اپنے ممالک کے دورہ کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم نے دونوں انوی ٹیشن قبول کر لئے۔ نومبر انشاءاللہ چین کا دورہ ہو گا۔ لگتا ہے اب بیرونی سازش کی جگہ ہیش ٹیگ بین الاقوامی سازش ہو گا۔‘ 

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے 2 روزہ دورے پر ازبکستان میں موجود ہیں اور خواجہ آصف سمیت دیگر رہنماءبھی ان کے ہمراہ ہیں۔ 
اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی سمرقند میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی جس دوران روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اتفاق کیا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دونوں ملکوں کے سربراہان نے دو طرفہ تجارت کے فروغ، گیس کی فراہمی سمیت لارج سکیل منصوبوں کے امکانات اور عملدرآمد پر اتفاق بھی کیا۔ 
ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کے دوران کہا کہ روس، قازقستان اور ازبکستان میں کسی حد تک گیس پائپ لائن کیلئے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔ ایشیاءمیں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں اور نہایت مثبت انداز میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔

مزیدخبریں