لاہور: پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کی سلیکشن پر کڑی تنقید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کامران اکمل کی جانب سے جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں ٹیم سلیکشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف سلیکٹر، کوچ اور کپتان کی پسند سے بنائی گئی ٹیم اگر پرفارم نہیں کرے گی تو یہ سب اپنے اوپر دباؤ لینے کے بجائے کرکٹرز پر بوجھ ڈالیں گے کہ انہوں نے پرفارم نہیں کیا حالانکہ ٹیم تو آپ نے ہی سلیکٹ کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے آنکھوں پر پٹی باندھ کر ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور یہ سکواڈ ایک بار پھر دوستی یاری کیلئے بنایا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر کو کھلاڑیوں کی کارکردگی نظر کیوں نہیں آ رہی، جو مستحق ہے اسے ٹیم میں ضرور ہونا چاہئے، شرجیل خان کو منتخب کرنا چاہئے تھا اور اس کے علاوہ شعیب ملک کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھانا چاہئے تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں ٹی 20 لیگ کی ہر فرنچائز شعیب ملک کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ شعیب ملک نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاءکپ 2022 ءکے فائنل میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد جو ٹوئٹ کی، وہ ان کی سلیکشن کے آڑے آ گئی ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیمیں کھلاڑیوں کے سیکھنے کیلئے نہیں بلکہ کارکردگی کیلئے بنائی جاتی ہیں، ایسے ایونٹ روز روز نہیں ہوتے، اللہ کرے ہماری ٹیم اچھی پرفارم کرے لیکن اس سے زیادہ اچھی ٹیم کا انتخاب ہو سکتا تھا۔