کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

11:36 AM, 16 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر میں آج اور کل موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 19 اور 20 صفر کو ضلع غربی، کیماڑی، شرقی اور وسطی میں ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق سجاول، مٹیاری اور جامشورو، میرپور خاص اور نواب شاہ میں 20 صفر کو ڈبل سواری پر پابندی ہو گی، حیدر آباد اور سکھر میں 19 اور 20 صفر، دادو اور ٹھٹھہ میں 19 سے 21 صفر تک پابندی رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ 
وزارت داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور صحافیوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا جبکہ 12 سال سے کم عمر بچے، بزرگ شہری اورخواتین بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

مزیدخبریں