اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ ازبکستان میں مصروف ہونے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کو معمول کے مطابق 15 ستمبر کو آئندہ 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرنا تھا مگر ایسا ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ یہ معاملہ شنگھائی تعاون تنظیم کیلئے ازبکستان کے شہر سمر قند میں موجود وزیراعظم شہباز شریف کے پاس ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام رات گئے تک انتظار کرتے رہے مگر وزیراعظم ہاؤس سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری بارے کوئی فیصلہ موصول نہیں ہوا جس کے باعث رات 12 بجے تک قیمتوں کا اعلان بھی نہیں ہو سکا اور وزارت خزانہ اب بھی وزیراعظم کے احکامات کی منتظر ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہو سکے گا اور وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے سمری موصول ہوتے ہی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔