کراچی:لاہور سے کراچی آنے والی پرواز کے طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث جہاز ڈیڑھ گھنٹے تک رن وے پر کھڑا رہا،طیارے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی سوار تھے۔
لاہور سے کراچی آنے والی نجی کمپنی کی پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئی، اس پرواز میں 18 اراکین سندھ اسمبلی بھی موجود تھے،ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی نجی پرواز پی اے 405 تکنیکی مسئلے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی۔
ذرائع کے مطابق خرابی کے بعد فلائٹ کو ٹیک آف پوائنٹ سے واپس رن وے پر پہنچایا گیا،اس پرواز میں اراکین سندھ اسمبلی سمیت دیگر مسافر سوار تھے، جنہیں انتظامیہ نے خرابی کے باوجود بھی لانج میں منتقل نہیں کیا۔
اس پرواز میں تحریک انصاف کے 7، ایم کیو ایم کے 9 اور پاکستان پیپلزپارٹی کے 2 اراکین صوبائی اسمبلی سوار تھے۔ تمام اراکین اسمبلی کسی تقریب میں شرکت کے لیے کراچی سے لاہور آئے تھے۔مسافروں کو ایک گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بھی انتظامیہ نے کوئی جواب دیا اور نہ ہی وجہ بتائی۔