افغانستان کے 4 اہم ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس

07:50 PM, 16 Sep, 2021

دوشنبے : تاجکستان کے دار الحکومت دوشنبے میں افغانستان کے 4 اہم ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا ہے۔ خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم اور سی ایس ٹی او کے سربراہی اجلاسوں کے انعقاد کے موقع پر روس، چین ، پاکستان کے وزرائےخارجہ اور ایران کے نائب وزیر کی دوشنبے میں اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں شرکا نے افغانستان اورمجموعی طور پر خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزراء خارجہ نے افغانستان میں قومی مفاہمت اور اجتماعیت کی حامل حکومت کی ضرورت پر زور دیا گیا جو ملک کی تمام نسلی وسیاسی قوتوں کے مفادات کو مدنظر رکھے۔ دوران ملاقات افغانستان کی موجودہ صورتحال اور لاحق خطرات، خاص طور پر دہشت گردی کے پھیلاؤ اور منشیات کی ترسیل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

شرکا نے افغانستان میں انسانی اور سماجی ومعاشی پیچیدہ صورتحال اور خطے میں مہاجرین کی یلغار کے خطرات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ افغانستان میں پرامن زندگی کی واپسی اور معاشی بحالی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مزیدخبریں