لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی جو ہمیشہ 10 نمبر شرٹ زیب تن کر کے ہی میدان میں اترتے تھے اور اب اس نمبر کی شرٹ ان کے داماد شاہین آفریدی کو مل گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نئی شرٹ میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک شرٹ سے بہت زیادہ بڑی چیز ہے کیونکہ یہ شرٹ پاکستان سے ایمانداری اور بے پناہ محبت کی ترجمان ہے۔
This is more than a shirt number. It represents honesty, integrity and immense love for Pakistan. I am humbled and honored that I will be now representing Pakistan in shirt # 10 of Lala @SAfridiOfficial . Nothing but Pakistan. #Legacy #TheEagle #PakistanZindabad pic.twitter.com/m8OrKr4wiZ
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) September 16, 2021
شاہین آفریدی نےمزید کہا کہ میں شاہد آفریدی کی 10 نمبر شرٹ کے ساتھ قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بہت زیادہ فخر محسوس کر ر ہا ہوں۔
خیال رہے کہ اس حوالے سے حیران کن بات یہ ہے کہ قومی ٹیم کی 10 نمبر شرٹ پر پہلے بھی آفریدی ہی لکھا جاتا ہے اور اب بھی آفریدی ہی لکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں نجی چینل کو دیئےگئے انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی سے میزبان نے بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی کے رشتے سے متعلق سوالات کئے اس پر شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ الحمداللہ بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ طے پاگیا ہے اور انشاء اللہ شاہین ہی داماد بنیں گے.
شاہد آفریدی کا کہنا تھا شاہین شاہ آفریدی سے بیٹی کے رشتے سے قبل کوئی رشتے داری نہیں تھیں، ہمارے آفریدیوں کے 8 قبیلے ہیں، شاہین کا اورہمارا تعلق الگ الگ قبیلوں سے ہے۔ پچھلے 2 سالوں سے شاہین کے والدین کی شدید خواہش تھی کہ بچوں کا رشتہ آپس میں طے کردیا جائے لہٰذا جلد ہی رشتہ طے کردیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بیٹی ڈاکٹر بننا چاہتی ہے فی الحال یہ طے نہیں کہ وہ مزید تعلیم پاکستان میں حاصل کرے گی یا انگلینڈ میں جبکہ ساتھ ہی وہ فیشن ڈیزائننگ کورس بھی کر رہی ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے والد نے بتایا تھا کہ انہوں نے شاہین کے لئے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور ان کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔