سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سمبڑیال اور سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا اور فرائض سے غفلت برتنے اور خراب کارکردگی والے 15 افسران کو معطل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سمبڑیال اور سیالکوٹ کا ساڑھے تین گھنٹے طویل دورہ کیا اور انہوں نے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے والے مختلف اداروں اور محکموں کا وزٹ کیا۔ وزیراعلیٰ نے فرائض سے غفلت برتنے، عوامی شکایات اور خراب کارکردگی پر ایکشن لیتے ہوئے والے15 افسروں کو معطل کر دیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar کی لاہور سے اچانک سمبڑیال آمد: وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال کا دورہ کیا۔
— CM Punjab (Updates) (@CMPunjabPK) September 16, 2021
وزیراعلیٰ کا ہسپتال کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ، مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت pic.twitter.com/ZRJLAi2C5a
وزیراعلیٰ پنجاب نے فرائض میں غفلت برتنے پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سمبڑیال اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈک وارٹر ہسپتال سمبڑیال ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمبڑیال اور چیف آفیسر تحصیل کونسل سیالکوٹ کو معطل کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ناقص کارکردگی پر چیف آفیسر تحصیل کونسل سیالکوٹ ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ڈی ایس پی ٹریفک ،سپرنٹنڈ نٹ ڈسٹرکٹ جیل اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کو معطل کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایکسین آبپاشی مرالہ سب ڈویژن، ڈی ایس پی ڈسکہ ، چیف آفیسرایم سی پسرور ، چیف آفیسرایم سی ڈسکہ ، سب رجسٹرار رورل سیالکوٹ کو بھی معطل کر دیا۔
سردار عثمان بزدار نے سمبڑیال اور سیالکوٹ میں شہری سہولتوں کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے سمبڑیال روڈ کی تعمیر و مرمت اور 12 کلو میٹر طویل سب لائن سیالکوٹ سے سمبڑیال تک سٹرک کی ری کارپٹنگ کی منظوری بھی دی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال تک رسائی کیلئے نیا راستہ بنائیں گے اور نئے راستے کیلئے لینڈ ایکوزیشن کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو لینڈ ایکوزیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ سمبڑیال روڈ کی تعمیر ومرمت کیلئے فوری بقایا فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا ک شہاب پورہ پل کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کی جائے جبکہ گگی پل کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپے کے فنڈ کے اجراء کا اعلان کیا گیا اور انہوں نے ایم ڈی نیسپاک کو منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں خواتین قیدیوں کے معاملات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ ویمن کی سرزنش کی جبکہ جیل کے معاملات میں بدانتظامی پر سخت برہم ہوئے اور جیل میں قیدیوں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔