ٹی 20 ورلڈکپ ذہن میں، فی الحال نیوزی لینڈ کیخلاف جیتنا ہے: بابراعظم

01:33 PM, 16 Sep, 2021

راولپنڈی: قومی کرکٹ کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ ضرور ذہن میں ہے لیکن فی الحال نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنی ہے۔
راولپنڈی میں ورچوئل کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری ضرور ذہن میں ہے لیکن فی الحال نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنی ہے۔ نیوزی لینڈ کو دورہ بنگلہ دیش کے دوران شکست ضرور ہوئی مگر ہم اسے آسان نہیں لیں گے کیونکہ کیوی ٹیم صلاحیت سے بھرپور ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ان نوجوانوں کو موقع دینے کی کوشش کریں گے جنہیں ابھی تک چانس نہیں ملا، عبداللہ شفیق بہت اچھا بلے باز ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ مستقبل میں میچ ونر کھلاڑی بنے گا۔ 
چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہا تھا کہ کسی بھی نئی سوچ کو اپنانے میں تھوڑا سا وقت ضرور لگتا ہے، رمیز راجہ میری اور ٹیم کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کی باتوں سے بالکل نہیں لگا کہ وہ کپتان بدلنا چاہتے ہیں۔ 

مزیدخبریں