لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو بھی منی لانڈرنگ ریفرنس میں شامل کر لیا گیا ہے، احتساب عدالت نے نمائندے کے ذریعے فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کر لیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف نیب کے تین مختلف ریفرنسز پر سماعت ہوٸی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان جج نسیم ورک کے روبرو منی لانڈرنگ کیس میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اپنے نمائندے کے ذریعے ریفرنس کی کارروائی میں شامل ہوئیں، عدالت نے نمائندے کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا۔
دوسری جانب احتساب عدالت کے جج ساجد علی نے رمضان شوگر ملز اور اشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب پراسکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف خاندان کے ریفرنس الگ الگ تاریخ میں مقرر کیے جائیں۔
پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ریفرنسز میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے ہیں، ایک ہی روز تاریخ مقرر کرنے سے سماعت متاثر ہو سکتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر اس کو دیکھیں گے، عدالت نے دونوں ریفرنسز میں کارروائی یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔