بیجنگ: چینی صوبے سچوان میں شدید زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہے۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق علی الصبح ساڑھے چار بجے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے کئی گھر زمین بوس ہو گئے۔
علاقے میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں جہاں متاثرہ افراد کو خوراک اور ادویات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ پہنچائی جا رہی ہیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک ملبے سے 3 افراد کی لاشوں جبکہ 60 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث بجلی کا نظام معطل ہو چکا ہے۔ علاقے کے تقریباً 62 ہزار گھر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ چین میں اکثر وبیشتر زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔ 2008ء میں سچوان صوبے میں آںے والے سات اعشاریہ 9 شدت کے شدید زلزلے سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاپتا ہو گئے تھے۔