بلاول بھٹو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کردیا  

Bilawal Bhutto rejected the sharp rise in prices of petroleum products
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول پانچ روپے مزید مہنگا ہوگیا، خان صاحب! قوم کے اچھے دن کب آئیں گے؟

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے۔ ڈالر اور پیٹرول جب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے عوام کی دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سستا پیٹرول فراہم کرنے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع ہونے والے اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔

خیال رہے کہ حکومت نے مہنگائی سے پہلے سے ہی ستائی عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ایک اور بم گرا دیا ہے۔ 

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیلئے ساڑھے 10 روپے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھیجی تھی۔

وزارت خزانہ نے اوگرا کی سمری پر نظر ثانی کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر اضافہ کیا، اب اس کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے ایک پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، اب اس کی نئی قیمت 120 روپے 4 پیسے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں پانچ روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ اب اس کی نئی قیمت 90 روپے 69 پیسے ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 5 روپے 42 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 92 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔