پاکستان نے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوؤں اور الزامات کو مسترد کر دیا

12:34 AM, 16 Sep, 2021

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ مبینہ روابط رکھنے والے نام نہاد دہشت گرد ماڈیول کو بے نقاب کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانا اور سفید جھوٹ پھیلانا بھارت کی پاکستان کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔

پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے پر ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ ہم بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہیں کہ بھارتی حکام نے پاکستان کے ساتھ مبینہ روابط رکھنے والے نام نہاد دہشت گردی ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانا اور سفید جھوٹ پھیلانا پاکستان کے خلاف بھارت کی جاری مہم کا حصہ ہے جسے پہلے ہی یورپی یونین کے ڈس انفولیب اور دیگر نے مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔ جھوٹی خبروں کی تشہیر بھارت کی ریاستی پالیسی ہے جو میڈیا کے بل بوتے پر چلتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں اور اس معاملے کے ردعمل کے طور پر بھارت اس سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے لہٰذا بھارتی حکام اور میڈیا کی جانب سے مسلسل بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشن، جعلی مقابلوں اور بازیابی کی رروائیوں کی حقیقت پوری طرح آشکار ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی خبر رساں ادارے 'دی ہندو' کے مطابق گزشتہ روز دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مبینہ روابط کے حامل دہشت گرد ماڈیول کو بے نقاب کرتے ہوئے چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

اسپیشل شیل کے پولیس کمشنر کمار ٹھار نے کہا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے افراد مبینہ طور پر دہلی، اترپردیش اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کی منصوبہ کررہے تھے۔

یاد رہے کہ بھارت اور اس کے میڈیا کی جانب سے اکثر پاکستان پر دہشت گردی یا پھر دہشت گردوں کی مالی معاونت کے بے بنیاد الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں لیکن وہ آج تک اس کے باضابطہ ثبوت پیش کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔

اس کے برعکس گزشتہ سال وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشتگردی اور دہشتگردوں کو مالی معاونت کے ثبوت پیش کیے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹوں کی آڈیو اور ویڈیو بھی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی جس میں مختلف ’ناقابل تردید‘ ثبوت پیش کیے گئے تھے۔

مزیدخبریں