اسلام آباد: قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پارلیمانی روایات کے لیے سیاہ دن تھا۔ پارلیمان کی کارروائی کو پاؤں تلے روندا گیا۔ پارلیمٹ کے مشترکہ اجلاس سے متحدہ اپوزیشن کیساتھ واک آؤٹ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوامی مسائل پر بات کی لیکن اس کا جو جواب دیا گیا، پوری قوم اس کی گواہ ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں مہنگائی بڑھنے سے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔
میاں شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ آج سپیکر کا یہ رویہ انتہائی غیر پارلیمانی تھا۔ انہوں نے ریڈ لائن عبور کر لی ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیٹف سے متعلق بلوں پر ہم حکومت کے ساتھ کھڑے تھے تاکہ مخالفین اور پاکستان کے خارجہ معاملات میں دشمنوں کو کوئی موقع نہ ملے اور تندہی سے کام کیا۔ اپوزیشن نے اپنی ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر ایف اے ٹی ایف کے بل کا ساتھ دیا تاکہ پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی قدغن نہ آئے۔