لاہور: پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو بس کے نئے کنٹریکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 14واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں میٹروبس سروس کے آپریشن اینڈ مینٹیننس کنٹریکٹ اور سیکیورٹی اینڈ سیفٹی سروسز کے کنٹریکٹ کی دوبارہ ٹینڈرنگ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین کی صفائی کے لیے کنٹریکٹ لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میٹرو بس سسٹم آپریٹ کرنے کے ٹینڈر میں شہباز شریف دور سے 20 فیصد کم 304 روپے فی کلو میٹر بولی دی گئی اور اربوں روپے کی بچت کی گئی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کم بولی کے باعث میٹرو بس سروس پر دی جانے والی سبسڈی میں کمی ہو گی۔ شفاف پالیسیوں کے باعث آج 300 کروڑ بچائے ہیں اور کل 300 ارب بچائیں گے۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ جلدآپریشنل ہوگی،پنجاب کابینہ نے میٹروٹرین کا کرایہ 40 روپے مقررکرنے کی منظوری دی ہے۔