کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبرکو ہو گا

05:25 PM, 16 Sep, 2019

لاہور: کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح9 نومبر کو  ہوگا،  پاکستان نے اپنے حصے کا 86 فیصد کام مکمل کر لیا، 45 دن میں باقی ماندہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔

 

تفصیلات کے مطابق ، کرتارپور راہداری کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عاطف مجید نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال 28 نومبر کو کرتارپورمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اب 9 نومبر کو منصوبے کا افتتاح ہوگا۔

 

عاطف مجید نے بتایا کہ 12 نومبر کو بابا گرونانک کا جنم دن منایا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پانچ ہزار اور بعد میں دس ہزار یاتریوں کی آمد اور رہائش کا بندوبست ہو گا۔

 

عاطف مجید نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بابا گرونانک 42 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے جبکہ پنجہ صاحب گردوارہ چار ایکڑ اور ننکانہ صاحب گردوارہ چودہ ایکڑ پر مشتمل ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال کا منصوبہ صرف دس ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے کا 86 فیصد کام مکمل ہے، 45 دن میں باقی ماندہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔ 24 گھنٹے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ 9 نومبر کو بھارت سے یاتری آنا شروع ہو جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار یاتریوں کے داخلے اور خروج کے لئے 76 امیگریشن کاؤنٹرز بنا دئیے گئے ہیں۔ دس ہزار یاتریوں کی آمدورفت کے لئے کل 152 کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔

 

انہوں نے کہ بارڈر ٹرمینل زیرو پوائنٹ سے ساڑھے تین سو میٹر پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ٹرمینل کے باہر بسوں کے ذریعے گردوارہ تک یاتریوں کو لایا جائے گا جہاں انھیں ہوائی اڈے جیسی سہولیات مہیا کی جائیں گے۔

 

مزیدخبریں