مری:گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کشمیر پوائنٹ مری پر موجود گورنرہاﺅس بھی اگلے اتوار کھول دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ ریسٹ ہاوسز عوامی ملکیت ہیں، انہیں عوام کے لئے کھول رہے ہیں۔لاہور گورنرہاﺅس کو دیکھنے اب تک چار ہزار افراد آ چکے ہیں۔گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مری کے لوگوں کے لئے سڑک کی تعمیر کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کروں گا۔
چودھری محمد سرور نے کہا کہ پانی کا مسئلہ حل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے، گندا پانی پینے سے آنے والی نسل تباہ ہورہی ہے تاہم میں نے ذاتی حیثیت میں اپنی این جی او سے 100 سے زائد فلٹریشن پلانٹ لگائے۔
پنجاب میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ان کی ذمہ لگائی گئی ہے، صوبے کے 26 ہزار دیہات میں صاف پانی پہنچانا ہے جو آسان نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کا پورا ترقیاتی بجٹ لگائیں تو پھر ہی تمام دیہات میں صاف پانی کی فراہمی ممکن ہے، پینے کے صاف پانی کے لیے بیرون ممالک دورہ کر کے لوگوں سے ڈونیشن لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں یونیورسٹی ہسپتال اور گیس کے مسئلے کو حل کرنے کا جامع پلان بنائیں گے اور ہم نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے ہیں تاکہ مقامی مسائل مقامی عہدیدار حل کریں۔
خیال رہے کہ آج لاہور کے گورنر ہاﺅس کو عام عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔