عمران خان کی بطور وزیراعظم پہلی مرتبہ مزار قائد پر حاضری،فاتحہ خوانی اور یادداشت پر دستخط کئے

01:33 PM, 16 Sep, 2018

کراچی:عمران خان نے بطور وزیراعظم پہلی مرتبہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد یادداشت پر دستخط کئے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آج پہلی مرتبہ شہر قائد پہنچ گئے۔وزیراعظم عمران خان کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔


وزیراعظم نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی رکھا، وزیراعظم محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی ۔وزیراعظم عمران خان اپنے ایک روزہ دورے کے دوران روایت کے برعکس تمام اجلاسوں کی صدارت گورنر ہاؤس کے بجائے سٹیٹ گیسٹ ہاو¿س میں کریں گے۔


وزیراعظم کی زیر صدارت وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس بھی ہوگا جس میں گرین لائن بس منصوبہ، فراہمی آب کے منصوبہ 'کے فور' اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق بھی اجلاس ہوگا جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔

وزیراعظم سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں، نمایاں شخصیات اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم عمران خان رات کو گورنرہاؤس میں فنڈ ریزنگ عشائیے میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ رات میں ہی اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں