راولپنڈی: چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں اور مجالس کو ٹریفک کے حوالے سے مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے, آنے والے دن بہت اہم ہیں لہذاء اس موقع پر فرائض کی ادائیگی کے دوران غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی.
انہوں نے کہا کہ تمام افسران واہلکار دوران ڈیوٹی انتہائی ذمہ داری کے ساتھ لاء اینڈ آرڈر ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قیام امن کیلئے اپنا کردار احسن طریقہ سے سر انجام دیتے ہوئے ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں, اس امر کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور وارڈن افسران سے ٹریفک انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ غلط پارکنگ ، ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ ایریامیں کھڑی گاڑیوں موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے،اچھے رویے اور خو ش اخلاقی کے ساتھ ٹریفک قوانین کی پابندی کروائی جائے ، صبر و تحمل اور برداشت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اجلاس کے دوران مزید ہدایات جاری کیں کہ ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز اپنے اپنے سرکل اور سیکٹر میں ٹریفک روانی کے ذمہ دارہیں اس حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہاکہ بیٹ انچارجز اپنی اپنی بیٹ میں ٹریفک روانی کو مزید بہتر بنائیں تجاوزات کے خلاف متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کاروائی کی جائے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، ٹریفک قوانین کی عمل داری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
سی ٹی او نے احکامات جاری کئے کہ ہر افسر و اہلکار اپنی اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائے، کسی بھی ایریا میں ٹریفک پولیس کی غفلت کی وجہ سے ٹریفک جام کی شکایت موصول ہوئی تو ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن اور سیکٹر انچارج انسپکٹر ذمہ دار ہونگے اور سرکل انچارج ڈی ایس پی سے رپورٹ لی جائے گی۔