لاہور: پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا چار سال میں پاکستان نے بے مثال ترقی کی اور آج ملک میں دہشت گردی کی کمر توڑی جا چکی ہے۔ دہشت گردی کے ایک دو واقعات سرحد کے اس پار سے کیے جاتے ہیں جبکہ بلوچستان آج قومی دھارے میں شامل ہو رہا ہے اور کراچی کا امن برباد ہو چکا تھا لیکن اب دوبارہ کراچی سکون کی طرف جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا اربوں روپے کے منصوبے بلوچستان میں جاری ہیں تاہم کچی کینال اور لواری ٹنل کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے۔ کچی کینال منصوبے کے تحت آج بلوچستان کے بنجر علاقوں میں پانی پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے آزادی کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا یہ کپ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں تھا بلکہ پاکستانی قوم کی عزم کی للکار تھی کیونکہ اس سے پہلے پی ایس ایل کا کامیاب فائنل ہوا جس سے انٹر نیشنل کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا اور ان کھلاڑیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو پاکستان میں کھیلنے آئے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا حکومت کی کوشش ہے پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی کھیلوں کے میدان آباد کریں کیونکہ اب مخلتف سیریز کا بھی اعلان ہو گیا ہے جس میں دیگر ٹیمیں بھی یہاں آ کر کھیلیں گی۔
انہوں نے کہا ورلڈ الیون نے پاکستان سے دہشت گردی کے دھبے دھو دیئے ہیں اور پنجاب حکومت نے بھی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے شاندار کام کیا ہے اور تمام ادارے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا آزادی کپ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج ابھرا اور بین الاقوامی میڈيا نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں امید کے چراغ جل رہے ہيں۔ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے بھی سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کر لیں گے۔
احسن اقبال نے بتایا ہم اقتصادی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن میں آ چکے ہیں کیونکہ چار سالوں میں ملک کی اقتصادی صورتحال بہت تبدیل ہو چکی ہے اور انہی چار سالوں میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کیا جو بچوں کا کام نہیں تھا۔ آج صنعتوں کو بلاتعطل بجلی مل رہی ہے جس سے جی ڈی پی میں اضافہ ہوا کیونکہ مضبوط معیشت ہی مضبوط ملک کی ضمانت ہوتی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں