ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا نے بھارتی ریاست سکم سے متعلق اپنے بیان پر تحریری طور پر معافی ماگ لی۔ پریانکا چوپڑا کی فلم ’’پہونا‘‘ کینیڈا میں منعقد ہونے والے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2017 میں ریلیز کی گئی۔ اس موقع پر بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پریانکا نے اپنی فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پہونا‘‘ شمالی بھارت کی چھوٹی سی ریاست سکم کی پہلی فلم ہے۔
اس سے قبل اس ریاست میں کوئی فلم نہیں بنائی گئی کیونکہ وہاں وسائل ہی نہیں ہیں اور سکم بغاوت سے بھرپور تشدد زدہ ریاست ہے جہاں اس سے قبل کبھی کسی نے فلم بنانے کا سوچا ہی نہیں تھا تاہم اب پہلی بار ہدایت کارہ پاکھی ٹائر والا نے کوشش کی ہے۔
پریانکا کے اس بیان پرسوشل میڈیا صارفین کے ساتھ سکم کے وزیرگیاتسو نے بھی انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ریاست سکم کو بغاوت سے بھرپور تشدد زدہ ریاست کہنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سکم حکومت کے دباؤ کے باعث پریانکا نے معافی بھی مانگ لی جس کی تصدیق سکم کے وزیر گیاتسو نے کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور فلم ’’پہونا‘‘ کی ہدایت کارہ پاکھی ٹائر والا نے ان سے معافی مانگ لی ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ پریانکا اپنا معافی نامہ تحریری طور پر بھی لکھ کر دیں۔ تاہم پریانکا نے تحریری طور پر معافی نامہ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ میں اپنے بیان پر معافی مانگتی ہوں لیکن ساتھ میں وضاحت بھی کرنا چاہتی ہوں کہ میرے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
پریانکا نے مزید لکھا کہ جیسے ہی میں نے فلم پہونا کی کہانی سنی فوراً ہامی بھر دی کیونکہ میں سکم کے حالات دنیا کے سامنے لانا چاہتی تھی۔ میں نے انٹرویو کے دوران سکم کی فلم انڈسٹری اور فلم کی کہانی سے متعلق بات کی تھی اس کے علاوہ میں نے یہ بھی کہا تھا کہ سکم میں تشدد کی وجہ سے لوگ بغاوت کر رہے ہیں میں یہ بات بہت اچھی طرح جانتی ہوں کہ سکم کے لوگ بہت اچھے اور مہمان نواز ہوتے ہیں لیکن میرا مقصد کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا ہم نے بہت خوبصورت فلم بنائی ہے جسے سکم کی حکومت اور لوگوں کی سپورٹ کے بنا بنانا ممکن نہیں تھا۔ میرے الفاظوں سے کسی کو بھی دکھ پہنچا ہو تو میں معافی چاہتی ہوں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں