این اے 120 میں انتخابی مہم کا وقت ختم، پولنگ کل ہو گی

08:19 AM, 16 Sep, 2017

لاہور: لاہور کے حلقہ این اے 120 میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ این اے 120 لاہور میں 17 ستمبر کو ملک کا ایک بڑا انتخابی معرکہ ہونے جا رہا ہے ہر کسی کی نظریں اس حلقے پر جمی ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اس خالی نشست پر مسلم لیگ ن کی امیدوار ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ہیں۔

کلثوم نواز گلے کے کینسر کے علاج کے باعث ان دنوں لندن میں ہیں۔ اس حلقے میں ان کے مدمقابل امیدواروں میں پی ٹی آئی کی یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے فیصل میر بھی میدان میں ہیں۔

گزشتہ رات تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے حلقے میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ ایک طرف مسلم لیگ ن کی مریم نواز تھیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی کے عمران خان۔ تیسری طرف جماعتِ اسلامی کے سراج الحق تھے تو چوتھی جانب پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ تھے۔ حلقے میں کل 44 میں سے 42 امیدواروں کا ہدف اور نشانہ صرف ن لیگ ہے۔

الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز تھیلوں میں ڈال دیئے ہیں اور ہفتے کے روز یہ بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹاف کے حوالے کرنے کے بعد فوج ہی کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچائے جائیں گے۔

این اے 120 میں کل 220 پولنگ اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں جن میں سے 102 مردانہ، 98 زنانہ اور 19 مشترکہ ہوں گے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 786 ہے۔ مرد ووٹرز ایک لاکھ 79 ہزار چھ سو 42 اور خواتین ووٹرز کی ایک لاکھ 42 ہزار 144 ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں