لندن: برطانیہ کے ایک مالی کو دس لاکھ پاؤنڈ مالیت کی لاٹری جیتنے کے ایک مہینے کے بعد پتہ چلا کیوں کہ وہ اپنا ٹکٹ چیک کرنا بھول گئے تھے۔ مارٹن کرائٹن نے کہا کہ جب انھوں نے ایک اخبار میں لاٹری کے گمشدہ ٹکٹ کے بارے میں پڑھا تو انھیں یاد آیا کہ انھوں نے بھی لاٹری کا ٹکٹ خرید رکھا ہے۔
سفوک کاؤنٹی کے قصبے باکسفرڈ سے تعلق رکھنے والے کرائٹن نے اپنا بٹوہ ٹٹولا تو یہ قیمتی ٹکٹ رسیدوں اور کارڈوں کے درمیان پڑا ہوا ملا۔ جب انھوں نے اس کا نمبر اخبار میں چھپنے والے انعامی نمبر سے ملایا تب پتہ چلا کہ وہ جیت گئے ہیں۔
مارٹن کرائٹن نے بتایا وہ سیدھے مقامی شراب خانے گئے جہاں کے مالک شان ان کے دوست تھے۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا اس لیے میں نے شان سے کہا کہ وہ نمبر اور ٹکٹ دیکھ کر تصدیق کریں۔
شان نے کہا کہ تم لکھ پتی بن گئے ہو۔ کرائٹن مالی کا کام کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کا نوکری چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ انعامی رقم سے اپنا گھر خریدیں گے اور شمالی برطانیہ کے ساحل کی سیر کریں گے۔ وہ اس وقت کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ مارٹن کرائٹن کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ مجھے آئندہ کبھی مالی مسائل درپیش نہیں ہوں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں