نئی دہلی:بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج بیٹسمین اور اپنی کڑوی باتوں سے انڈین بورڈ پر تنقید کرنے کے حوالے سے مشہور وریندر سہواگ کا کہنا ہے میں اس لئے ہندوستانی ٹیم کا کوچ نہیں بن سکا کیونکہ میری بھارتی کرکٹ بورڈ میں کسی سے نہ تو دوستی تھی اور نہ ہی کسی بورڈ عہدے دار کے ساتھ سیٹنگ،اگر میری بھی دوسروں کی طرح بورڈ میں دوستیاں اور ’’خصوصی تعلقات ہوتے تو میں آج ٹیم کا کوچ ہوتا ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’انڈو ٹی وی ‘‘ کے مطابق اپنی کھری باتوں اور بورڈ حکام پر نکتہ چینی کے حوالے سے مشہور سابق انڈین کرکٹر اور جارح مزاج اوپنر بلے باز وریندر سہواگ نے بھارتی ٹیم کا کوچ نہ بننے پر کچھ عرصے بعد اپنا دل کھولتے ہوئے کہا کہ ان کی بورڈ کے کسی عہدے دار سے نہ تو دوستی تھی اور نہ ہی سیٹنگ ، اسی لئے میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا کوچ نہیں بن سکا۔واضح رہے کہ وریندر سہواگ کو ٹیم انڈیا کے کوچ کے عہدے کی دوڑ میں سب سے آگے مانا جارہا تھا لیکن کپتان ورا ت کوہلی کی پسند روی شاستری ٹیم انڈیا کے نئے کوچ بن گئے۔ سہواگ نے کوچ کے معاملے پر آخر کار اپنے دل کا غبار نکالتے ہوئے کہا کہ دیکھئے میں کوچ اس لئے نہیں بن پایا کیونکہ میری کسی سے بھی سیٹنگ نہیں تھی جو بھی کوچ کا انتخاب کررہے تھے ان سے میری کوئی سیٹنگ نہیں تھی اور ہی بورڈ میں کسی کے ساتھ خصوصی دوستی۔
دنیا کے سب سے خطرناک بلے باز و ں میں شمار ہونے والے سہواگ نے کہا کہ میں نے سوچا ہی نہیں تھا، میرے پاس آفر آیا تھا ، بی سی سی آئی کے سکریٹری امیتابھ چودھری اور ڈاکٹر شری دھر آئے تھے،انہوں نے خواہش ظاہر کی اور میں نے اس کے لئے وقت مانگا۔ سہواگ نے کہا کہ میں نے وقت لینے کے بعد پھر اس کے لئے درخواست دی، ورات کوہلی سے بھی میری بات ہوئی تھی وہ یہ بھی کہہ رہے تھے ، تب جاکر میں نے درخواست دی، اگرمجھ سے پوچھیں کہ میرا من تھا، تو میری بھارتی ٹیم کا کوچ بننے میں بالکل بھی کوئی دلچسپی نہیں تھی۔