خصوصی کمیٹی کا اجلاس پی ٹی آئی کی درخواست پر ملتوی

07:36 PM, 16 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: خصوصی کمیٹی کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، کمیٹی نے ن لیگ، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مجوزہ ڈرافٹس کو یکجا کر لیا ہے، جنہیں آج رات لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت پیش کیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت سید خورشید احمد شاہ کر رہے تھے، لیکن کئی اراکین راستوں کی بندش اور ایس سی او اجلاس کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان، فاروق ستار، شیری رحمان، جان بلیدی، خالد مگسی، اعجاز الحق، سینیٹر انوار الحق کاکڑ، راجہ پرویز اشرف، پولین بلوچ، رانا تنویر، اور عرفان صدیقی نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور پی ٹی آئی کے اراکین اجلاس میں شامل نہیں ہوئے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ معاملات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں اور امید ہے کہ عوام کے حق میں جلد فیصلہ ہوگا۔ خورشید شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیٹی نے آج چار جماعتوں کے ڈرافٹس کو یکجا کیا ہے، اور بی این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی اپنے ڈرافٹ پیش کیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ان کا اجلاس آئینی ترمیم کے معاملے پر ہے اور انہیں ایک دن کی مہلت درکار ہے۔ اس کے نتیجے میں، کمیٹی کا اجلاس کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں