ماسکو: روس کے مشرقی علاقے میں اوختسک سمندر میں وہیل مچھلیاں دیکھنے کے لیے جانے والا 46 سالہ میخائل پیچوگن 67 دن تک لاپتا رہنے کے بعد مل گیا۔
ایک ماہی گیر کشتی کے عملے نے اسے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر دور گہرے سمندر میں ایک ربڑ کی کشتی میں پایا۔ اس کشتی میں میخائل کے بھائی اور 15 سالہ بھتیجے کی لاشیں بھی موجود تھیں، جو وہیل مچھلیاں دیکھنے کے لیے نکلے تھے اور اپنے ساتھ دو ہفتے کا کھانا لے کر گئے تھے۔
میخائل کی اہلیہ نے بتایا کہ سفر کے وقت ان کا وزن تقریباً 100 کلوگرام تھا، لیکن جب انہیں بچایا گیا تو ان کا وزن آدھا رہ گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی بقاء میں شاید ان کا وزن ہی مددگار ثابت ہوا۔
انہوں نے اس واقعے کو ایک معجزہ قرار دیا کہ میخائل زندہ ہیں۔ میخائل کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو ’’کچھ حد تک مستحکم‘‘ قرار دیا ہے۔