پاکستانی مرد خواتین کو دبئی میں بھی گھورنے سے باز نہیں آتے، نادیہ حسین

01:19 PM, 16 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی : پاکستان کی معروف ماڈل، اداکارہ، اور میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے دبئی میں پاکستانی مردوں کی طرف سے خواتین کو بری نگاہ سے دیکھنے کا ذکر کیا ہے۔

 ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انہوں نے پاکستان میں خواتین کے ساتھ بڑھتی ہوئی زیادتی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔نادیہ نے دبئی کے جمیرا بیچ کی اپنی آنکھوں دیکھی صورتحال بیان کی، جہاں انہوں نے دیکھا کہ کچھ مرد حضرات شلوار قمیض اور جوگرز میں بیٹھ کر خواتین کو گھور رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مردوں کی توجہ صرف خواتین کی طرف ہوتی ہے، اور وہ اس طرح کے رویے میں مصروف رہتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں مرد بعض اوقات خواتین کو دیکھنے کے بعد مزید غیر مناسب حرکات کرنے کی ہمت کر لیتے ہیں، جبکہ دبئی میں انہیں صرف دیکھنے پر ہی اکتفا کرنا پڑتا ہے۔نادیہ نے کہا کہ جرم کا غریب یا امیر سے کوئی تعلق نہیں، ہر مجرم کو اس کے عمل کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے اسلام آباد میں اہلیہ کے قتل سے لے کر کراچی میں بیٹی اور والد کے قتل تک تمام مجرموں کو سخت سزا دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ باحجاب اور باپردہ خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے مردوں کو سر عام سزا دینی چاہیے، تاکہ اس طرح کے جرائم میں کمی لائی جا سکے۔ ان کا خیال ہے کہ یہ اقدامات انتہائی ضروری ہیں ورنہ صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی۔

مزیدخبریں