اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ابھی تک عمران خان واضح اکثریت میں ہیں ۔ الیکشن کمیشن جتنا مرضی زور لگا لے عمران خان ہی کامیاب ہوں گے ۔
اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد الیکشن ہو رہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے عوامی دباؤ پر ضمنی انتخاب کرایا ہے ۔ لوگ ووٹ دینے کیلئے بڑی تعداد میں باہر نکل رہے ہیں ۔ الیکشن پُرامن طریقے سے ہو رہے ہیں ۔ عوام نے فیصلہ کرنا ہے آزاد پاکستان کیساتھ ہیں یا غلام کے ساتھ رہنا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی ذیلی جماعت بن گئی ہے ۔ یہ الیکشن پیپلز پارٹی کے آخری الیکشن ہوں گے ۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی دہشت گردی کا مقابلہ کیا ، اب فسطائیت کا خاتمہ کریں گے ۔ عوام سوچ رہی ہے اسمبلیوں کا کیا مستقبل ہے ۔ اصل بات یہ ہے ہمیں اگلے انتخابات کی طرف بڑھنا ہے ۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں کمزور حکومت کی وجہ سے باہر کی حکومتیں ایٹمی پروگرام پر بات کر رہی ہیں ۔