آج جہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں وہاں ہر فرد نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے: عمران خان

آج جہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں وہاں ہر فرد نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے: عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے اپنے گھروں سے ضرور نکلیں ۔

اپنی ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان تمام حلقوں میں جہاں آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ہر فرد نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجرموں کے ٹولے سے حقیقی آزادی کا یہ ایک ریفرنڈم ہے ۔ ہم پی ڈی ایم ، الیکشن کمیشن اور ”نامعلوم افراد“ سب سے نبُرد آزما ہیں ۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی آٹھ اور تین صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ۔ صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ۔

مردان ، چارسدہ ، پشاور ، فیصل آباد ، ننکانہ صاحب ، ملتان ، اور کراچی کے دو حلقوں ملیر اور کورنگی میں قومی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ جاری ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں شیخوپورہ ، خانیوال اور بہاولنگر میں بھی ضمنی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔

پولنگ کی خاص بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان قومی اسمبلی کے آٹھ میں سات حلقوں سے امیدوار ہیں ۔ فیصل آباد سے عابد شیر علی ، چارسدہ سے ایمل ولی خان اور پشاور سے غلام احمد بلور بھی عمران خان کے مدمقابل ہیں ۔ ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی کے درمیان مقابلہ ہے ۔ گیارہ حلقوں میں مجموعی طور پر ایک سو سے زائد امیدوار میدان میں ہیں ۔

2937 پولنگ اسٹیشن میں سے 747 انتہائی حساس اور 694 حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کیلئے پولیس ، رینجرز اور فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔

مصنف کے بارے میں