چھوٹی کرکٹ کی بڑی جنگ کا آج سے آغاز 

11:57 PM, 16 Oct, 2021

دبئی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ آج سے شروع ہو رہا ہے ۔ ایونٹ 17 اکتوبر تا 14 نومبر امارات اور عمان میں کھیلا جائے گا۔

نیو نیوز کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا، پہلے مرحلے کا آغاز آج  سے ہو رہا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان عمان شامل ہے، دونوں گروپ سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔پہلے راؤنڈ کا افتتاحی میچ عمان اور پاپوانیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گی۔

سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 کے مقابلے 23 اکتوبر سے شروع ہوں گے جس میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔  پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ 

مزیدخبریں