اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں۔ حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں۔عالمی منڈی میں پیٹرول کی مصنوعات بڑھنے پر پیٹرول مہنگا کرنا پڑا انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان سمیت خطے میں امن قائم رہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے۔ اگلی باری پھر ہماری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے اور اسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا لیکن پھر بھی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے مہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔اور ہماری اقتصادی ٹیم اس پر ہوم ورک کررہی ہے جس کے انشاء اللہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں اور بلخصوص افغانستان میں امن کی خواہش رکھتے ہیں۔ پاکستان ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ا من کا قیام خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔خطے میں امن کے قیام سے تعمیر و ترقی کا حصول ممکن ہو سکے گا ۔ ہم نے خطے میں امن کیلئے بھاری قربانی دی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے۔کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ امن مخالف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے۔ہم نے عالمی برادری کوبھی ایسی قوتوں بارے آگاہ کردیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ نے شان رحمتہ اللعالمین کے سلسلے میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔رحمۃ اللعالمینﷺ کے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات لمحہ فکریہ ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے مسلم امہ کو یکجاں ہونا ہوگا۔