پاک فوج کا چولستان میں فری آئی کیمپ 

05:00 PM, 16 Oct, 2021

اسلام آباد : پاک فوج کی جانب سے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات  کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پاکستان آرمی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے تعاون سے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سر گرم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موجودہ سال کے دوران اب تک چولستان کے علاقے چنن پیر ، چک 75 ڈی این چی ، چک 121 ڈی این بی ، کھتری بنگلہ ،دین گڑھ ، چاہ ناگراں، چاہ ملکانہ ، کالا پہاڑ ،احمد پور ایسٹ، منچن آباد اور چشتیاں میں فری میڈیکل اور آئی کیمپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے جن میں تقریباً 12000 افراد کو فری طبی سہولیات مہیا کی گئیں ۔

تحصیل ہسپتال فورٹ عباس میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام سیلانی انٹرنیشنل ویلفئیر ٹرسٹ کی وساطت سے فری میڈیکل، آئی سرجیکل کیمپ 12 سے 17 اکتوبر 2021 تک جاری ہے ۔ 

 کیمپ میں غریب اور نادار مریضوں کے لئے امراض چشم کی تشخیص و علاج اور مفت لیزر آئی سرجری کے ذریعے موتیے کا علاج کیا جارہا ہے۔ ضرورت مند افراد کو مفت چشمےاور ادویات بھی مہیا  کی جا رہی ہیں ۔

 15 اکتوبر 2021 کو کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء نے بھی  آئی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ کور کمانڈر نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو اس کیمپ سے مستفیض کیا جائے ۔

مزیدخبریں