ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کو پاکستانی ٹیم پر برتری ہو گی مگر کیوں؟ اظہر محمود نے پریشان کن وجہ بھی بتا دی

04:52 PM, 16 Oct, 2021

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر کو ٹاکرا ہو گا جس کیلئے شائقین کرکٹ بے صبری سے منتظر ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کا ماننا ہے کہ اس میچ کیلئے بھارت کو پاکستانی ٹیم کو برتری حاصل ہو گی۔ 
اظہر محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ کھلاڑیوں پر دباﺅ اور مقابلے کی شدت کو دیکھا جائے تو پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ ہی خاص ہوتا ہے اور اگر رواں ورلڈکپ کی بات کی جائے تو دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم میچ جیت سکتی ہے تاہم بھارت کو پاکستانی ٹیم کو برتری حاصل ہو گی کیونکہ ان کے کھلاڑی ابھی ابھی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کھیل کر فارغ ہوئے ہیں جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہی منعقد ہوئی۔ 
لہٰذا لیگ میں بہترین کرکٹ کھیلنے کے علاوہ انہیں یو اے ای میں پلیئنگ کنڈیشن کا بھی بہت اچھی طرح اندازہ ہے۔ لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے بھی حال ہی میں منعقد ہونے والے نیشنل ٹی 20 کپ میں چند بہت ہی دباﺅ والے میچز کھیلے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ان سب باتوں کے علاوہ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ وہی ٹیم جیتتی ہے جو دباؤ کو بہتر طریقے سے برداشت کرے۔ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی باؤلر یا بلے باز صرف ایک اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں