راہول ڈریوڈ کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ بنانے کا فیصلہ

12:39 PM, 16 Oct, 2021

نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جو ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر راہول ڈریوڈ اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں فرائض انجام دے رہے ہیں جنہوں نے بھارتی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی حامی بھی بھر لی اور وہ ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ 
رپورٹس کے مطابق راہول ڈریوڈ کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی کی جانب سے ورلڈکپ 2023ءتک کیلئے کوچ کے عہدے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے قبول کرلی۔ 
راہول ڈریوڈ سے قبل سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر روی شاستری بھارتی ٹیم کے کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے جن کا کنٹریکٹ مکمل ہوچکا ہے اور بورڈ کی جانب سے اس میں توسیع نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ نے 1996 سے 2012 تک 164 ٹیسٹ اور 344 ون ڈے میچز میں بھارت کی نمائندگی کی جبکہ 48 سالہ راہول ڈریوڈ گزشتہ 6 سال سے بھارت کی اے ٹیم اور انڈر 19 کے سیٹ اپ کے انچارج ہیں۔

مزیدخبریں