دوحہ: افغانستان کی خاتون فٹ بال ٹیم، ایتھلیٹس اور ان کے اہل خانہ بحفاظت دوحہ پہنچ گئے۔افغانستان سے انخلا کرنے والی ان خواتین کو دوسرے ممالک میں پناہ دی جائے گی ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری ایئرلائن کے ذریعے کابل سے 357 مسافر دوحہ پہنچے ہیں۔ ان مسافروں میں خواتین فٹ بال ٹیم اور خواتین ایتھلیٹس کے علاوہ ان کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔ان خواتین فٹبالرز اور ایتھلیٹس کی افغانستان سے انخلا میں فیفا اور قطر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں کو ابھی دوحہ میں افغان پناہ گزینوں کے لئے ایک مختص ایک کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے کابل سے دوحہ آنے والی یہ آٹھویں اور سب سے بڑی پرواز ہے۔
فیفا کے ترجمان نے کھلاڑی خواتین کے انخلا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کو ان کی جانوں کے خطرے کے پیش نظر افغانستان سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ طالبان کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے تاحال نہ تو کسی خاتون کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی لڑکیوں کو تعلیم کی اجازت دی گئی ہے جب کہ خواتین کھلاڑیوں کے کھیلوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی ہے۔