لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب آدمی سے دووقت کی روٹی چھین لی ہے ۔عوام کا سیلاب اسلام آباد کی طرف بڑھنا چاہئے ۔
لاہو ر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخ میں کبھی اتنا اضافہ نہیں کیا گیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے اب حکومت کو مزید وقت نہیں دینا چاہئے اور اب وقت ہے کہ اسلام آباد کی طرف بڑھنا چاہئے اس معاملے میں پیپلزپارٹی متحدہ اپوزیشن میں ہمارے ساتھ ہے ۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت ڈھٹائی سے ہرروز قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ باہر نکلیں اور سڑکوں پر آئے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کریں ۔عوام پر اب ظلم ناقابل برداشت ہوچکا ہے ۔ہرآنے والے دن میں عوام کی تکالیف میں اضافہ ہورہا ہے اور سفید پوش طبقے کے لئے زندگی گذارنا مشکل ہوگیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پٹرولیم وزارت نے سمری میں جو اضافہ لکھا تھا حکومت نے اس سے دگنا اضافہ کردیا ہے ۔ جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کے فیصلوں سے عوام کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خودکشی کرلوں گا لیکن اب آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سلیکٹیڈ ٹو لے کے خلاف پی ڈی ایم کا جلسہ ہے عوام سے بھرپورشرکت کی اپیل ہے ۔ میں پی ڈی ایم کو مشورہ دیتا ہوں کہ اب لانگ مارچ کی کال دی جائے ۔ شہبازشریف نے میثاق معیشت کی بات کی تھی لیکن یہ کسی کے ساتھ بیٹھنا تو کیا ہاتھ ملانا بھی گوارہ نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے بعد مہنگائی سے عوام کا جینا مشکل ہوجائے گا .