لندن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت تین سال کی بلند ترین سطح پر آ گئی ہے۔
برطانوی خبرایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 85 ڈالرفی بیرل ہوگئی ہے، یہ اکتوبر 2018 کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی ایک فیصد اضافے کے بعد 82 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے باعث خام تیل کی طلب میں اضافے کی وجہ سے تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات ہیں جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے بھی گیس اور کوئلے کے بجائے تیل اور ڈیزل استعمال کرنے کے باعث خام تیل کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔