گوجرانوالہ، ن لیگ کی درخواست پر عدالت کا کنٹینرز ہٹانے کا حکم

05:22 PM, 16 Oct, 2020

گوجرانوالہ: گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو غیر قانونی کینٹینرز مختلف راستوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ارشد محمود نے آر پی او، سی پی او، کمشنر اور ڈی سی کو کنٹینرز ہٹانے سے متعلق حکم جاری کر دیا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما خرم دستگیر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں کینٹینرز لگا کر راستے بند کرنے کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔ درخواست پر عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) اورضلعی انتظامیہ کے مابین طے پانے والے معاہدے کی پاسداری کی جائے۔

پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں سیاسی دنگل کے لیے اکھاڑہ سج گیا ہے۔ جناح اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے کارکنوں کی آمد جاری ہے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکن بھی دوسرے شہروں سے پہنچ رہے ہیں۔ جاتی عمرہ کے باہر  مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی  مرزا جاوید کی جانب سے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا ۔

جاتی امرا سے ریلی کے ساتھ کرینز بھی پہنچا دی گئی ہیں جنہیں راستے میں ممکنہ رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب جلسہ گاہ پہنچیں اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ اب حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی اور آج عوام کا سمندر سب دیکھیں گے۔

جلسے میں شرکت کے لیے خواتین کارکنوں کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔ آزاد کشمیر سے بھی پرجوش کارکنوں نے گوجرانوالہ کا رخ کر لیا ہے۔ پہلوان بھی جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔ بینرز سے آراستہ ٹرالر بھی تیار کرلیا گیا۔ کمشنر گجرانوالہ نے کہا کہ جلسے کے شرکا کو انتظامیہ کی جانب سے ماسک اور سینیٹائزرز فراہم کیے جائیں گے۔

اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ پولیس انہیں جلسہ گاہ میں جھنڈے لیکر نہیں جانے دے رہی ہے۔

مزیدخبریں