تمام رکاوٹیں عبور کر کے گوجرانولہ جلسہ گاہ پہنچیں گے، احسن اقبال

05:14 PM, 16 Oct, 2020

لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا قافلہ تب ہی رکے گا جب عمران خان رخصت ہوں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم تمام رکاوٹیں عبور کر کے گوجرانولہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ عمران خان کی حکومت عوام دشمن ہے۔ دوبارہ آئین اور جمہوریت کا پرچم لہرائے گا اور پاکستان ترقی کرے گا۔

قبل ازیں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کرب میں مبتلا ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی اپنے میدان میں کام  کرے کوئی کسی کی ٹانگیں نہ کھینچے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ہمارا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہے، عام انتخابات ہونے چاہییں اور عوام کو اپنے رہنما منتخب کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمان عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سےلائی گئی ہے، اب تو حکمران ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حالات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں، یہ احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان  پاکستانیوں کا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جتنا سیاسی عمل کو طاقت ور بنائیں گے اتنا ہی فرقہ واریت تحلیل ہوگی۔ عہدوں کے لیے نہیں، مقصد کے لیے پی ڈی ایم کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف بننے والے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اپنی پہلی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں مختلف جماعتوں کے قافلے جلسہ گاہ کی طرف پہنچ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والی 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو رواں ماہ سے شروع ہونے والے ’ایکشن پلان‘ کے تحت 3 مرحلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

ایکشن پلان کے تحت پی ڈی ایم نے رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ’فیصلہ کن لانگ مارچ‘ کرنا ہے۔

مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکرٹری جنرل ہیں۔

مزیدخبریں