دبئی سے بے دخل کیے جانے والے مسافروں کو لاہور ائیر پورٹ پر روکدیا گیا

04:07 PM, 16 Oct, 2020

لاہور: دبئی سے بے دخل کیے جانے والے پاکستانی مسافروں کو لاہور ائیرپورٹ پر  روک دیا گیا۔

ترجمان قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا  اس حوالے سے بتانا ہے کہ کسی بھی مسافر نے ریٹرن ٹکٹ اور جرمانے کے پیسے نہیں دیے  ہیں۔ ایک ہزار درہم جرمانے کے ساتھ وصولی کے بعد مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق بے دخل کیے گئے مسافر پی آئی اے کو ایک ہزار درہم دینے کے بعد گھر جاسکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن کی پرواز 204 سے 130 پاکستانیوں کو لاہور ائیرپورٹ پہنچایا گیا ہے۔ دیگر مسافر ترکش ایئر، ایئربلیو اور پی آئی اے کی دوسری پروازوں سے واپس لائے گئے ہیں،

لاہور ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام نے کہا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن نے پیسے ادا کرنے والے کسی بھی مسافروں کو نہیں روکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے نے تمام ملازمین کے لیے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نئے ایس او پیز جاری کردیے تھے۔

 پی آئی اے انتظامیہ نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو ہدایات پر عمل درآمد کرانے کے لیے احکامات بھی جاری کردیے گئے تھے۔

 پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت دفتری اوقات میں فیس ماسک کا استعمال لازمی ہو گا اور ہاتھ ملانے یا گلے ملنے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔

پی آئی اے کی انتظامیہ نے واضح کیا تھا کہ اگر کسی بھی ملازم کو بخار، کھانسی یا نزلے کی شکایت ہو گی تو اسے رخصت پر بھیجا جائے گا اور یا پھر آئی سو لیٹ کردیا جائے گا۔

مزیدخبریں